Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ چیمپیئن کیلئے ٹرافی اور 3کروڑ 92 لاکھ ڈا لر

 
ماسکو: 14جون سے روس میں شروع ہونے والے دنیائے فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ فیفا ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو خالص سونے کی بنی فیفا ٹرافی کے ساتھ مجموعی طور پر 3 کروڑ94لاکھ ڈالر سے زائد رقم بھی انعام کے طور پر ملے گی۔ فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو انعام کے طور پر 2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر اور تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالر ،چوتھی پوزیشن پانے والی ٹیم سوا دوکروڑ کے لگ بھگ انعامی رقم کی حقدار قرار پائے گی۔ فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے والی ٹیم کے لئے ان کی فیڈریشنز اور ملک کی جانب سے بھی بھاری انعامات کے اعلان ہو چکے ہیں اور جیتنے والی ٹیم کے ارکان حقیقی معنوں میں مالامال ہو جاتے ہیں۔ اسپین کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ٹرافی جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے تقریباً 10 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں 8برس قبل چیمپئین بننے پر اسپین کی فٹبال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی کس 7لاکھ 63ہزار ڈالر کا انعام دیا تھا۔ دفاعی چیمپیئن جرمنی نے بھی ٹیم کی جانب سے اعزاز کے کامیاب دفاع پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ اگر جرمن ٹیم یہ اعزاز دوبارہ پانے میں کامیاب رہی تو ہر کھلاڑی کے اکاﺅنٹ میں چار لاکھ 12 ہزار ڈالر جمع ہو جائیںگے۔ اس سلسلے میں برازیل بھی پیچھے نہیں ، اگر نیمار کی ٹیم نے 16 برس کے بعد ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا تو فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ہر کھلاڑی لگ بھگ ساڑھے 9لاکھ ڈالرز کا حقدار بن جائے گا۔ دریں اثنا سابق عالمی اور یورپی چیمپئن ٹیم اسپین روس پہنچ گئی۔ اسپینش ٹیم کی آمد پر ہوائی اڈے پر درجنوں فٹ بال فینز نے ان کا استقبال کیا۔ اسپینش ٹیم گروپ بی میں پرتگال ، ایران اور مراکش کے ساتھ شامل ہے۔ یہ میگا ایونٹ میں 15 جون کو سوچی میں پرتگال کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ اسپین کپتان سرجیو راموس کو یقین ہے کہ وہ اس بار بھی 2010 کا کارنامہ دہراتے ہوئے عالمی چیمپئن بن سکتے ہیں۔پانامہ کی فٹ بال ٹیم بھی روس پہنچ گئی۔ پاناما کو ورلڈ کپ میں پہلے 18 جون کو بیلجیئم،24 جون کو انگلینڈ اور 28 جون کو تیونس کا سامنا کرنا ہے۔یاد رہے کہ پانامہ کی ٹیم پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل راﺅنڈ میں پہنچی ہے۔

شیئر: