جاتی امرا والے بچکانہ حرکتیں نہ کریں،چوہدری نثار
اسلام آباد...مسلم لیگ (ن) کے رہنماا ور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ جاتی امرا و الوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچکانہ حرکتوں سے اپنا مذاق اڑوائیں اور نہ میری تضحیک کریں۔ پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کیا کبھی یہ ہوا ہے کہ پارٹی کے سینیئر ترین ارکان جو کئی مرتبہ منتخب ہو چکے ہوں وہ بورڈ کے سامنے آکر ٹکٹ کے لئے انٹرویو دیں۔ایک بیان میںچوہدری نثار نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ اس کا محتاج ہوں لیکن نجانے کیوں مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ بنانے کے لئے مضحکہ خیز ڈرامے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہارِ رائے کروں گا۔واضح رہے چوہدری نثار کو عام انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کے معاملے پر نوازشریف اور شہباز شریف میں اختلاف رائے کی خبریں سامنے آئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن نوازشریف نے ٹکٹ جاری کرنے کے لئے شرط رکھی ہے کہ وہ پہلے درخواست دیں اس کے بعد ٹکٹ جاری کیا جائے۔