سرفراز کے علاوہ کپتانی کا اہل کوئی نظر نہیں آ تا،نجم سیٹھی
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ فی الوقت سرفراز احمد کے علاوہ پاکستانی ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی کپتانی کا اہل نظر نہیں آتا۔نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ کپتان سرفراز احمد کو سپورٹ کیا ہے اور ان پرمیرا پورا اعتماد ہے ۔ اس لئے سر فراز احمد ورلڈکپ 2019 تک پاکستان ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنا بڑی کامیابی ہے۔ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور سیکھنے کے مراحل سے گزر رہی ہے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ آئرلینڈ کے بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ میچ دیکھنے کی دعوت پر وہاں گیا۔ اس مرتبہ ٹیم کے ساتھ دورہ کچھ زیادہ طویل ہوگیا۔ نئے انتخابات اور پھر نئی حکومت آنے کے بعد چیئرمین پی سی بی کے طور پر برقرار ر ہنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا کام پوری ایمانداری سے کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ کرکٹ گراﺅنڈز کے بارے میں پالیسی بنالی گئی ہے اور بورڈ کی کرکٹ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اسٹیڈیم کی پچز پر کتنے میچز کھیلے جاسکتے ہیں، اگر پی سی بی کو گراﺅنڈ کی ضرورت ہے تو کسی کو بھی گراﺅنڈ نہیں ملے گا۔