راہول گاندھی کی دعوت افطارمیں سماج کے ہرطبقے کے نمائندوں کی شرکت
نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی کے تاج پیلس ہوٹل میں منعقدہ دعوت افطار میں کانگریس صدر راہول گاندھی نے مہمانوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں 2سابق صدور پرنب مکھرجی اور پرتیبھا پاٹل کے ساتھ ایک میز پر کافی دیر تک گفتگو کی۔ سفارتکاروں اور کانگریس کے سینیئر رہنماؤں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔راہول گاندھی کی میزبانی میں منعقد ہونیوالی اس افطار پارٹی میں حزب اختلاف کے کئی سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ کئی رہنما ریاست میں اپنی پارٹی کے جانب سے منعقد کی گئی افطار پارٹیوں میں مصروفیت کے باعث غیر حاضر رہے۔ اتر پردیش کی اہم سیاسی پارٹی سماجوادی پارٹی کی جانب سے کوئی قدآور رہنما نظر نہیں آیا۔ دعوت افطار میں سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری،سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، سی پی ایم کے سیتارام یچوری ، جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو، ٹی ایم سی کے دنیش تریویدی، این سی پی کے ڈی پی ترپاٹھی، آر جے ڈی کے منوج جھا، بی ایس پی کے ستیش چندرا،ڈی ایم کے کی کنی موزی ، اے ای یو ڈی ایف کے بد رالدین اجمل، جے ایم ایم کے ہیمنت سورین،آر ایل ڈی کے معراج الدین ، جے ڈی ایس کے دانش علی کے علاوہ کانگریس کے احمد پٹیل،اشوک گہلوت، شیلا دکشت، غلام نبی آزاد، جناردن دویدی، موتی لا ووہرا،، پی چدمبرم، آنند شرما، ششی تھرور، محسنہ قدوائی، بیگم نور بانو،مکل واسنک،راجیو شکلا، ناصر علی ، سرجے والا ، دپیندر ہوڈا،، نغمہ ، نفیسہ علی ، راگنی نائک ، نصیب سنگھ وغیرہ شامل ہوئے ۔کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد راہول گاندھی کی پہلی افطار پارٹی میں اگر کسی کی کمی سب سے زیادہ محسوس کی گئی تو وہ تھیں یو پی اے کی چیئر پرسن او راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی جو اپنی علاج کی غرض سے امریکہ گئی ہوئی ہیں۔افطار پارٹی میں معروف شاعر وسیم بریلوی ، جوہر کانپوری سمیت کئی دانشورون نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم، آنند شرما اور ششی تھرور سفارتکاروں سے گفتگو میں مصروف نظر آئے۔دعوت افطار میں صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔