سعودی خواتین نے گھریلو مٹھائیاں فروخت کرکے دکانوں کو مات دیدی
جدہ..... امسال عید کے موقع پر بہت ساری سعودی خواتین نے مٹھائی فروخت کرنے والی دکانوں کو گھروں کی مٹھائی سوشل میڈیا پر پیش کرکے ناکوں چنے چبوا دیئے۔ مملکت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ تبدیلی ریکارڈ کی گئی کہ گھریلو خواتین نے انواع واقسام کی سعودی مٹھائیاں گھروں میں تیار کرکے سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ کی۔ سعودی صارفین نے دل کھول کر حوصلہ افزائی کی اور دکانوں کے بجائے گھروں کی تیار کردہ مٹھائیاں خریدنے کو ترجیح دی۔ ان میں الغریبہ، کلیجا، لبنیہ اور انواع واقسام کی دیگر مٹھائیاں گھروں میں نہایت اہتمام سے تیار کی گئیں۔ مقبولیت کے کئی اسباب تھے۔ سوشل میڈیا تک رسائی آسان رہی۔ مٹھائیاں فروخت کرنے والی خواتین دکانوں کے کرایوں اور ملازمین کی تنخواہوں کے بوجھ سے بچنے کے باعث سستے نرخوں پر مٹھائیاں فروخت کرتی رہیں۔ ہوم سروس کی سہولت نے بھی اس رجحان میں اضافہ کیا۔