پنجاب یونیورسٹی میں شادی ہالوں کی تعمیرپر جواب طلب
لاہور ...سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی میں شادی ہالوں کی تعمیر کا از خود نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور ڈی جی ایل ڈی اے سے جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے از خود کیس کی سماعت کی،درخواست گزار عبداللہ ملک ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے میں شادی لان قائم کر کے تعلیمی ادارے کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔یونیورسٹی میں کھیلوں کے میدان کو شادی لان میں تبدیل کیا گیا جو کہ قوانین کی بھی خلاف و رزی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آگاہ کیا جائے کہ یونیورسٹی میں کس بنیادپرکاروباری سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔چیف جسٹس نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور ڈی جی ایل ڈی اے سے جواب طلب کر لیا۔