دبئی: دوست کے گھر کو جلانے کی دھمکی دینے والے کو جیل
دبئی.... دبئی عدالت نے دوست کے گھر گھس کر اس کے باپ کو گھر میں نذر آتش کرنے کی دھمکی دینے والے کو 3 سال کےلئے جیل بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق جولائی 2016ء کے ایک روز ملزم دوپہر کے وقت اپنے دوست کے گھر گھس آیا اور اس کی ماں سے پوچھنے لگا کہ اس کا پرانا دوست کدھر ہے۔ جس کا ملزم کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا۔لڑکے کی ماں نے اوپری منزل پر موجود اپنے خاوند کوآواز دے کر کہا کہ ملزم اور اس کا دوست دوسرے کمرے میں فون پر اس کے بیٹے کو بلا رہے تھے کہ وہ فوراً گھر پہنچے۔ شور کی آوازیں سن کر جب باپ نچلی منزل پر پہنچا اور 31سالہ ملزم اور اس کے ساتھ آئے شخص کو کہا کہ وہ فوراً گھر سے چلے جائیں تو اس پر امارتی ملزم نے دھمکی دی کہ وہ اس کے گھر کو آگ لگا دیں گے اگر انہوں نے پولیس کو طلب کرنے کی کوشش کی۔عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان پر مدعی کے گھر میں گھسنے اور باپ کو دھمکی دینے کا الزام ثابت ہو گیا۔ پریذائیڈنگ جج فہد الشمسی نے ملزم کو اس کی غیر حاضری میں 3 سال کی قید سنادی کیونکہ وہ کورٹ میں پیش ہو کر اپنی صفائی دینے میں ناکام رہا۔ ملزم کو اس کی غیر حاضری میں3 سال قید کی سزا سنانے کے بعد اس کے دوسرے ساتھی کو گھر میں زبردستی گھسنے پر 3 ہزار اماراتی درہم کی سزا سنا دی گئی ۔