کلثوم نواز کا سی ٹی اسکین،حالت بدستور تشویشناک
لندن ... سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب سے لندن آیا ہوں، کلثوم نواز کو ہوش میں نہیں دیکھا ۔لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے سیدھا اسپتال پہنچا ۔مجھے نہیں پتہ تھا کہ کلثوم نواز کی حالت کی تشویشناک ہے۔ جب اسپتال پہنچا تو کلثوم نواز بے ہوش تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اہلیہ کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ آج سی ٹی اسکین ہو ا ہے۔ ایسے حالات میں مجھے اہلیہ کے پاس رہنا چاہئیے۔ نواز شریف نے کہا کہ زندگی میں کبھی ایک ساتھ مشکلات آجاتی ہیں۔میرے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے۔ اللہ آسانیاں عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ دعائیں کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ اللہ تعالی دنیا بھر میں بیماروں کو شفا عطا فرمائے۔