یوگا سے جسم توانا اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے،شہناز
نئی دہلی۔ ۔۔۔خوبصورت ، چمکدار جلد، چھریرا بدن ، چہرے پر چمک ، گھنے بال اور قدرتی طور پر خوبصور ت نظر آنے کی چاہت میں آج کل فٹنس سینٹر، جم ، سیلون کے علاوہ کثیر قومی کمپنیوں کے مہنگے بیوٹی کاسمیٹکس خریدنے کی دوڑ میں لوگ نظر آتے ہیں لیکن اگر یوگا کو اپنی زندگی کا معمول بنالیا جائے تو ان سب چیزوں کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ ان خیالات کا اظہار مشہور بیوٹیشن شہناز حسین نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل آلودگی ، ذہنی تناؤ، رہن سہن، بھاگ دوڑ میں پھنس کر انسان وقت سے پہلے ہی بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھ دیتا ہے۔ نوجوانی میں ہی چہرے پر جھریاں ، کیل مہاسے، داغ دھبے پریشانی کا سبب بن جاتے ہیں۔ عموماً لوگ چہرے کی خوبصورتی کیلئے بیوٹی پارلرز میں گھنٹوں فیرنیس ٹریٹمنٹ اور کاسمیٹک پر بھاری رقمیں خرچ کرتے ہیں جس سے وقتی طور پر چہرے پر نکھار آجاتا ہے ۔شہناز نے کہا کہ اگر آپ جسمانی طور پر خوبصورت ہیں تو آپ کا حسن چہرے پر قدرتی طور پر نظر آئیگا۔ یوگا کی بعض مخصوص ایکسرسائز روزانہ کرنے سے جسم صحت مند اور خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔