جس کا دل چاہے پٹرولیم ٹیکس لگا دیتا ہے‘ سپریم کورٹ
کراچی: پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ اس دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور قیمتوں کے طریقہ کار سے مطمئن نہیں ہے کیونکہ جس کا دل چاہتا ہے وہ ٹیکس لگا دیتا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی تھیں جس کی وجہ سے اس کا بوجھ عبوری حکومت پر آ پڑا ہے اور اب خسارہ کم کرنے کے لیے مزید قیمت بڑھائی جا سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ شہریوں پر مزید عذاب ڈالا جائے گا۔ یہاں جس کا دل چاہتا ہے وہ ٹیکس عاید کردیتا ہے۔عدالت عظمیٰ نے کیس کے تمام متعلقہ اداروں سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔