Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں رنگا رنگ عید میلہ ، پاک و ہند کے علاوہ دیگر قومیتوں کے افراد کی بھرپور شرکت

  کنگ عبداللہ پارک میں ہرسو پر رونق ماحول تھا بچوں کیلئے جھولے  اور فٹ بال میچ کے شائقین کیلئے میچ دکھانے کا  خصوصی طور پرانتظام بھی کیا گیا تھا
 
 ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
 ریاض میں  جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور لیمونیکٹ کے باہمی تعاون سے کنگ عبداللہ پارک میں3 روزہ رنگا رنگ فیسٹیول منعقد ہوا، جس کو دیکھنے کے لئے سعودی شہریوں کی بڑی تعداد کے علاوہ پاکستانی، انڈین اور بنگالی افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ فیسٹیول کے پہلے روز پختون نوجوانوں نے خوبصورت انداز میں روایتی سنگیت پیش کیا۔ اس کے بعد انڈین کلچر نے بھی خوب اپنا رنگ دیکھایا اور کیرالہ اسٹیٹ کی چلینگا اکیڈمی کی بچیوں نے روایتی ڈانس پیش کیا جس کو حاضرین نے خوب پسند کیا جبکہ بنگالی بچیوں نے بھی ڈانس کے ذریعے حاضرین کے دل موہ لئے۔پاکستانی ڈھول کی انٹری ہونے کی دیر تھی کہ سماں ہی بدل گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر پورا ہال جھوم اٹھا اور منچلے نوجوان ڈھول کی تھاپ پر ناچنے پر مجبور ہو گئے۔ڈھول نواز فرحان علی کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ اس نے ہزاروں لوگوں کے سامنے  فارمنس دی   اور جس طرح  پذیرائی ملی اس سے حوصلہ مزید بلند ہوا ہے اور بے انتہا خوشی ملی ہے۔ریاض کے مقامی گلوکار طارق خان نے بھی فیسٹیول میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور کلاسیکل موسیقی کے علاوہ انڈین اور پاکستانی گانے گا کر خوب داد سمیٹی۔ طارق خان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر قومیت کے لوگ بھی یہاں موجود ہیں۔پروگرام کے ڈی جے جھنوں اسامہ خان جھنوں نے جنرل انٹرٹینمنٹ کے ترجمان کا کردار نبھایا ۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مختلف ممالک کے لوگ آباد ہیں ۔سعودی گورنمنٹ نے کوشش کی ہے کہ عید کے موقع پر لوگوں کو تفریحی کا موقعہ فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ لوگ اپنے ملک کے کلچر کے علاوہ دیگر ممالک کی تہذیب و تمدن اور ثقافتی رنگوں سے روشناس ہوں۔ اس طرح کے فیسٹیول سے نہ صرف لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں بلکہ ان میں باہمی بھائی چارے کی فضا بھی پیدا ہوتی ہے، فیسٹیول میں کھانے پینے کے ا سٹالز پر بھی لوگوں کا خوب رش رہا اور لوگ مزے مزے کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔کنگ عبداللہ پارک میں ہرسو پر رونق ماحول تھا بچوں کیلئے جھولے بھی موجود تھے اور فٹ بال میچ کے شائقین کیلئے میچ دکھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔3 دن جاری رہنے والے اس فیسٹول میں ایشیائی ممالک کے رنگوں کو خوب اجاگر کیا گیا جبکہ تینوں روز پاکستان کے عمیر شیخ، بنگلہ دیش کے عبدالعلیم اور انڈیا کہ ساجن نشان نے زوروشور کے ساتھ کمپیئرنگ کی اور اپنے مخصوص انداز میں فیسٹیول کی جان بنے رہے، جبکہ فیسٹیول کی دیگر انتظامیہ میں بلال ارشد، اطہر شاہ، عادل شیخ اور دیگر نے جی جان کے ساتھ کام کیا اور لوگوں کو بہتر انداز میں تفریح فراہم کرنے کے اقدامات کیے ۔حاضرین کا کہنا تھا کہ وہ سعودی گورنمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں عید کے موقع پر اتنا شاندار فیسٹیول آرگنائز کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -جموں کشمیر میں عید الفطر کے موقع پر بھی مظالم پر کشمیر کمیونٹی کا اظہار مذمت

شیئر: