ڈاکٹروں اور انجینیئروں کوشادی کا لالچ دیکر لوٹنے والی’’ دلہن‘‘ گرفتار
بلند شہر۔۔۔۔۔بالی ووڈ کی ہٹ فلم ’’ڈالی کی ڈولی‘‘کے طرز پر انجینیئرز اور ڈاکٹروں کو شادی کا جھانسہ دیکر لوٹنے والی ’’دلہن‘‘کو پولیس نے اس کے بھائی کے ہمراہ گرفتار کرلیا۔ لڑکی کے قبضے سے تقریباً5لاکھ روپے کے زیورات اور مختلف کمپنیوں کے 17موبائل فون ضبط کرلئے گئے۔ضلع کوتوالی علاقے میں رہنے والی 26سالہ رانی اور اس کا بھائی پرمود لوگوں کو دھوکہ دیا کرتے تھے۔ پرمود اخبار میں شادی کا اشتہار شائع کرانے والوں کے پاس لڑکی کا والد بن کرشادی کے خواہشمندوں سے رابطہ کرتا ۔ لڑکی دکھانے کیلئے انہیں کسی ہوٹل میں بلاکر وہاں لڑکی کو دکھایا جاتا ۔ پسند آنے پر دولہا سے فوراًایک موبائل ، قیمتی سوٹ ، ساڑی ، انگوٹھی ، گلے کا ہار ، پازیب لڑکی خریدوالیتی۔تفتیش کے دوران لڑکی نے بتایا کہ وہ 2سال میں تقریباً60لوگوں کو دھوکہ دے چکی ہے۔رانی نے اتراکھنڈ کے رہنے والے انجینیئر اشیش سے باقاعدہ شادی کی ۔ اس کے بعد رانی کو اپنے گھر لے گیا رات میں لڑکی نے اشیش کو نشہ آور گولیاں دودھ میں ملا کر پلادی جس سے وہ بیہوش ہوگیا ، دلہن گہنے روپے لیکر وہاں سے چمپت ہوگئی۔رانی نے مزید بتایا کہ ضلع بریلی کے کھمریاگاؤں کے رہنے والے ڈاکٹر برجیش سے ملاقات کے بعد اس سے سونے کی چین، انگوٹھی اور کنگن خریدوائے اورشادی کی تاریخ طے کردی۔ مقررہ تاریخ آنے پر فون بند کردیا ، ڈاکٹر نے مقدمہ درج کرایا لیکن وہ مستقل پتہ بتانے سے عدالت میں قاصر رہا۔ہلدوانی کے سینٹرل اسپتال میں ڈاکٹر شیشوپال گنگوار سے بھی شادی کیلئے حامی بھرکر ان سے تقریباً2لاکھ روپے کی شاپنگ کرالی ۔بریلی کے نواب گنج کے رہنے والے ڈاکٹر اروند بھی رانی پر فریفتہ ہوگئے۔ انہوں نے تقریباً90ہزار روپے کی شاپنگ کرائی۔اٹاوہ کے رہنے والے راہول سکسینا نے بھی رانی سے شادی کرنے کے چکر میں 60ہزار روپے کی شاپنگ کرکے دھوکہ دہی کا شکار ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں سگے بھائی بہن ہیں۔ وہ کسی سے فون پر شادی کیلئے معاملہ طے ہونے کے بعد اس موبائل نمبر کا استعمال دوبارہ نہیں کرتے تھے۔ نئی سم لیکر نیا شکار تلاش کرتے تھے۔ شکایت ملنے پر موبائل نمبر ٹریس کئے گئے تو رانی اور اس کے بھائی پرمود کو گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں نے پولیس کے سامنے اقبال جرم کرلیا۔