جرمنی فیفا ورلڈ کپ سے باہر، سویڈن اور میکسیکو ان
کازان: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے گروپ ایف کے میچ میں جنوبی کوریا نے جرمنی کو 0-2 سے شکست دے کر دفاعی چیمپیئن کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔ سویڈن میکسیکو کو 0-3گول سے ہرا کر ناک آوٹ مرحلے میں پہنچ گیا جبکہ میکسیکو پہلے ہی ناک آوٹ راونڈ تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔ دفاعی چیمپیئن جرمنی کے کھلاڑیوں نے میچ پر مجموعی طور پر اپنا غلبہ برقرار رکھا تاہم جنوبی کوریا کے خلاف گول اسکور نہ کر سکے۔ جرمنی نے گول کرنے کیلئے متعدد شاندار مووز بنائیں تاہم جنوبی کوریا کے کھلاڑی اسے ناکام بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی کوریا کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کھلاڑیوں کے گول کرنے کے مواقع ضائع کردیئے۔شکست کے نتیجے میں جرمنی کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکا جبکہ سویڈن نے میکسیکو کو0-3سے گول سے ہراکر پری کوارٹر فائنلز مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔سویڈن کی جانب سے 50ویں منٹ میں لگوگ اوگسٹنسن، 62ویں منٹ میں انڈریاز گرانکوسٹ جبکہ 74ویں منٹ میں میکسیکو کے دفاعی کھلاڑی ایڈسن الوریز نے سیلف گول کردیا۔ جرمنی نے 2014 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو ہراکر ورلڈ کپ جیت لیا تھا۔