دلت کو اپنا ہی تھوک چاٹنے پر مجبور کردیا گیا
میرٹھ .... بلند شہر کے سونڈا حبیب پورگاﺅں میں مقامی پنچایت نے 44سالہ ایک دلت کو اس وقت اپنا ہی تھوک چاٹنے پر مجبورکردیا جب اسکے بیٹے نے ایک دوسری برادری کی لڑکی سے شادی کی۔ سری کرشنا نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ اسے یہ بھی دھمکی دی گئی کہ اس کے خاندان کی خواتین کیساتھ زیادتی کی جائیگی۔ اس نے کہا کہ ہمیں دھمکی دی گئی ہے کہ ہمارا خاندان دوبارہ گاﺅں میں نہ آئے۔ میرا بیٹا اور بہو نے روپوشی اختیار کرلی ہے۔ اسکا کہناہے کہ شروع میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا تھا۔پولیس نے بعد میں ایف آئی آر درج کرلی اور صرف 5ملزموں کے نام ایف آئی آر میں درج کئے گئے۔ ادھر بلند شہر کے ایس ایس پی نے کہا ہے کہ تھانے میں ایف آئی آر فوری طور پر درج کی گئی تھی۔ اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔