انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام 3 روزہ عید میلے کا اختتام
پاکستان ، بنگلہ دیش اور ہندوستان کے لوک فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا
جدہ ( ارسلان ہاشمی) سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام 3روزہ عید فیسٹول ختم ہو گا ۔ عید میلہ پاکستانی ، بنگلہ دیشی اور انڈین کمیونٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا ۔ میلے میں مذکورہ کمیونٹی کے افراد کو موسیقی پر تفریح کا موقع فراہم کیا گیا ۔ جدہ ایوان صنعت و تجارت کے سامنے میدان میں وسیع و عریض خیمے میں موسیقی کی محفل منعقد کی گئی جس میں تینوں دن بنگالی ، پاکستانی اور انڈین فنکاروں نے اپنے ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی موسیقی پیش کی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ میلے میں تینوں ملکو ں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے کھانوں کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے جن پر شائقین نے بھرپور توجہ دی ۔ فیسٹول میں دیگر قومیتوں کے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی ۔