ن لیگ کے امیدوار پر تشدد کا نوٹس
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج پر تشدد کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو یکساں سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے احکامات جاری کئے تھے۔ (ن) لیگی امیدوار رانا اقبال سراج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابی دوڑ سے نکلنے کے لئے دباو ڈالا گیا۔ کئی مرتبہ ملتان میں حساس ادارے کے دفتر بلایا گیا۔ مبینہ طور پر تشدد کیا گیا اور کاروبار تباہ کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں تاہم میڈیا پر خبر آنے کے بعد انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے اس تمام معاملے کو غلط فہمی کی بنیاد پر ہونا قراردیدیا۔