Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی عازمین کو شفاف ادائیگی عمرہ کیلئے " آل انڈیا عمرہ کمیٹی " کی تشکیل

ہندستان کی تمام ریاستوں میں عمرہ کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو آل انڈیا عمرہ کمیٹی سے مربوط ہوگی ،شوکت خان سعودی عرب چیپٹر کے چیئرمین نامزد

 

امین انصاری ۔ جدہ
جدہ میں مقیم حیدرآبادی کمیونٹی کی معروف حرکیاتی شخصیت شوکت خان نے ہندوستان سے آنے والے عاز مینِ عمرہ کی تکالیف اور ایجنٹوں کی طرف سے آئے دنوں چیٹنگ کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند سے نمائندگی کیلئے ایک "  آل انڈیا عمرہ کمیٹی " تشکیل دی جس میں سعودی عرب کے ذمہ داروں میں شوکت خان ( چیئرمین عمرہ امور برائے سعودی عر ب ) ،محمد مسکین وائس چیئرمین ، سید علی کوآرڈینیٹر ، سید عمر پاشاہ جنرل سیکریٹری ، سید عمران ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ، محمدا یاز حسین جوائنٹ سیکریٹری ، محمد علی شوکت ، ٹورازم انچارج اور دیگر ذمہ دارا وں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ۔
    شوکت خان نے بتایا کہ کوشش ہوگی کہ ہم عمرہ پر آنے والے عازمین کی خاطر خواہ خدمت کریں اور انکی رہنمائی کریں تاکہ وہ کسی فراڈ کا شکار نہ ہوں۔وہ عمرے کی نیت کرکے رقم ایجنٹ کے حوالے کرکے اس کے دفتر کے چکر کاٹتے رہتے ہیں اور عمرہ سیزن ختم ہوجاتا ہے ۔ حکومت سعودی عرب نے عمرہ سیزن کی میعاد بڑھادی اور اب سال بھر عمرہ کے زائرین کی آمد ہوسکتی ہے۔ ایسے میں دھوکہ دہی اور مملکت پہنچنے کے بعد انکے ساتھ ایجنٹوںکا ناروا سلوک انہیں عبادتوں سے غافل کرکے پریشانیوں میں مبتلا کردیتا ہے
    ۔ہندوستان میں کام کرنے کیلئے آل انڈیا عمرہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کی کمیٹی فی الحال تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں عمرہ عازمین کے ساتھ ہونی والی پریشانیوںکا سدباب کریگی ۔ اس ضمن میں ٹھوس اور مضبوط اقدامات کرتے ہوئے کمیٹی سعودی عرب میںہندوستانی سفارتحانہ و قونصل جنرل اور ہندوستان کی متعلقہ وزارتوں کے ساتھ ربط میں رہتے ہوئے عازمین کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے اقدامات کریگی ۔ مرکزی عمرہ کمیٹی کے تحت ہندوستان کی تمام ریاستوں کیلئے بھی علیحدہ علیحدہ ریاستی عمرہ کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی جو کہ آل انڈیا عمرہ کمیٹی کے ماتحت کام کرینگی۔مرکزی آل انڈیا عمرہ کمیٹی کیلئے غلام سبحانی ( ایڈوکیٹ ہائی کورٹ ) صدر، شیخ حسام الدین ( چیئرمین 99 tv)نائب صدر ، سید وقار الدین علی ( سینیئر صحافی و تاجر ) جنرل سیکریٹری ، محمد اعظم علی خان ( عرف مسعود ) اور محمد راحیل احمد ( ایڈوکیٹ ہائی کورٹ ) جوائنٹ سیکریٹری، محمد عبدالحی ( تاجر ) خازن نامزد کئے گئے ۔ ایکزیکٹیو ممبرز میں محمد کلیم مدنی ،سید سعد الدین سروش اور دیگر احباب کو شامل کیا گیاہے ۔
    نو منتخب عہدیداروں نے عہد کیا کہ عمرہ معتمرین کو معلومات بہم پہنچانے اور انکے سفر میں آسانی ،سارے امور شفاف انداز میں انجام دینے کیلے تمام تر خدمات کو آن لائن سے مربوط کیا جائیگا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ شہر کی ایک ٹراویل ایجنسی نے عازمین عمرہ کے ساتھ بہت بڑا فراڈ کیا تھا۔ اگر وہ زائرین ہماری کمیٹی سے رجوع ہوکر تمام معلومات بہم پہنچائیں توان شاء اللہ آل انڈیا عمرہ کمیٹی کی جانب سے انہیں انصاف دلانے کیلئے ہر ممکنہ مدد کی جائیگی ۔نو تشکیل شدہ کمیٹی نے 2 جولائی کو حیدرآباد میں سیمینار کا اہتمام کیا ہے جس میں عمرہ زائرین کو مفید مشورے دیئے جائینگے اور انکی شکایات بھی سنی جائیگی اور پھر متحدہ طورپر حکومت سے نمائندگی کی جائیگی ۔
مزید پڑھیں:- - - - -حکیم مصباح الدین کا انتقال ، سیوہارہ میں تدفین

 

شیئر: