چلی میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں سمندر میں موجود ہمپبیک ویل مچھلی نے کشتی سوار کو نگلنے کے بعد زندہ اگل دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ واقعہ چلی کے جنوبی علاقے پیٹاگونیا کے برفانی پانی میں پیش آیا جہاں ہمپبیک ویل نے 24 سال کے کشتی سوار کو چند لمحوں کے لیے زندہ نگلنے کے بعد دوبارہ اگل دیا۔
کشتی سوار اپنے والد کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کر لیا۔
مزید پڑھیں
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی پر تیرتی ویل مچھلی نے ایڈرین سمانکس نامی کشتی سوار کو کچھ لمحوں کے لیے نگل لیا۔
ویڈیو میں ایڈرین سمانکس کے والد ڈیل کو چلاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’جلدی سے کشتی پر سوار ہو جاؤ۔‘
ایڈرین نے ویڈیو میں بتایا کہ ’مجھے محسوس ہوا کہ جیسے مجھے ویل مچھلی نے نگل لیا ہے۔‘
سی این این اسپانول سے بات کرتے ہوئے ایڈرین نے بتایا کہ ’جب میں پیچھے مڑا تو میں نے دیکھا کہ گہرے نیلے اور سفید رنگ کی کوئی چیز میرے بہت ہی قریب موجود ہے جس نے مجھے پانی میں ڈبو دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے تب محسوس ہوا کہ میں اب کچھ نہیں کر سکتا۔ مجھے لگا کہ میں مرنے والا ہوں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کیا ہو رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دو سیکنڈ بعد میں دوبارہ پانی کی سطح پر تھا اور پھر مجھے سمجھ آیا کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے۔‘
ڈیل نے اپنے بیان میں بتایا کہ جب ایڈرین کی جانب پانی کی بڑی لہریوں نے آنا شروع کیا تو میں نے جوش سے ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹی وی این سے بات کرتے ہوئے والد نے مزید بتایا کہ ’مجھے اس وقت ڈر لگا کہ کیونکہ میں نے تین سیکنڈ کے لیے ایڈرین کو نہیں دیکھا اور پھر اچانک اُس کی آواز سنی۔‘
اس بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ ہمپبیک ویل مچھلی کا گلا چھوٹا ہوتا ہے لہٰذا وہ ایڈرین کو کبھی بھی پوری طرح نگل نہیں سکتی تھی۔