عسیر میں ملک طارق اعوان کے اعزاز میں الوداعیہ
پاکستان ویلفیئر فورم کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت،خدمات کا اعتراف
جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
عسیر کمیونٹی کے روح رواں ملک طارق اعوان کے اعزاز میں پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کے صدر فاروق بٹ نے الوداعی تقریب کا اہتمام مقامی استراحہ میں کیا ۔ ملک طارق اعوان اور انکے چھوٹے بھائی بابر اعوان پاکستان ویلفیئر فورمٹ عسیر کے اہم رکن اور ایڈوائزر بھی تھے۔
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ملک مظفر اعوان نے طارق اعوان سے اپنی طویل رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک طارق کی شخصیت ، ان کے اخلاق اور کردار قابل تعریف رہے ہیں۔ ماشاء اللہ خوش اخلاق اور مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ آج یہ مستقل طور پروطن جارہے ہیں۔ ان کے جانے کا دکھ اور خوشی بھی ہے کہ خیر و عافیت سے وطن جارہے ہیں۔ انہوں نے ملک طارق اعوان اور ملک بابراعوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔
فنانس منیجر محمد اسد نے کہا کہ ملک طارق آپ بھولنے والی شخصیت نہیں ۔ آپ محفل کی رونق رہے ہیں۔ ہر ایک کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا ، ہر ایک کے دکھ درد میں شریک رہنا آپ کے اعلیٰ اخلاق کی عکاسی تھی ۔
ملک شکیل اعوان نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ گھر میں 15سال کا عرصہ گزارا ہے ۔ آپ نے ہمیشہ میرے ساتھ شفقت رکھی ۔میرے ہر دکھ درد میں آپ شریک رہے۔ آپ کیلئے میرے دل سے دعا ہے۔
فورم کے چیئرمین ریاض چوہدری نے کہا کہ ہم خوش قسمت تھے کہ آپ جیسی شخصیت کا ساتھ رہا ۔مجھے نہیں یاد کہ ہمارے درمیان کبھی کوئی اختلاف رہا ہو۔ آپ نے ہمیشہ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کیااور دوستوں کی ہمیشہ مہمان نوازی کی جو ہمیں ہمیشہ یاد رہیگا۔
فورم کے صدر اور تقریب کے میزبان فاروق بٹ نے کہا کہ طارق اعوان اور میری دوستی 25سال پر محیط رہی ہے اور آئندہ بھی ان شاء اللہ رہیگی۔ طارق اعوان نے ہمیشہ عزت دی اور بڑا بھائی سمجھا۔ فورم کی تشکیل میں رہنمائی کی۔ ہمیشہ مالی تعاون بھی رکھا۔ لوگوں کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔
فورم کے سیکریٹری جنرل سید عاصم حسین شاہ نے بڑے جذباتی انداز میں انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے احباب کی دوستی آپ ہی نہیں ہم سب ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
ملک طارق اعوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے تمام مقررین او رحاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ آپ جیسے مخلص اور محب وطن دوستوں کا ساتھ رہا ہے۔ گھریلو مجبوریوں کی وجہ سے جانا پڑرہا ہے۔اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھ پر کرم کیا اورمجھے ہمت دی کہ میں کوئی بہتر فیصلہ کرسکوں ۔
تقریب میں اسحاق چوہدری، محمد رمضان، محمد اویس رائو، محمد شکیل آف گوجرانوالہ ، مزمل بٹ ، ساجد خان، شیخ منظور، محمد صغیر اور دیگر نے بھی ملک طارق اعوان اور ملک بابر اعوان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور فورم کی جانب سے تحائف دیئے گئے۔