جنوبی کوریا نے گزشتہ ماہ جیجو ایئرلائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لگی ہوئی سیمنٹ کی رکاوٹوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگرچہ تفتیش کار طیارہ تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ نیویگیشن اینٹینا کی سپورٹ کے لیے رن وے کے آخر پر نصب سیمنٹ کے بلاکس کے باعث صورتحال مزید شدید ہوئی جو شاید نہ ہوتی۔
حکام نے کہا ہے کہ موان اور جیجو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت سات ایئرپورٹس پر نصب نیویگیشن اینٹینا کے لیے متبادل انتظام کریں گے۔
مزید پڑھیں
پروازوں کی لینڈنگ میں راہنمائی کے لیے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر نصب نیویگیشن اینٹینا کے سٹرکچر کا جائزہ لینے کے بعد حکام نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کنکریٹ کے موجودہ بلاکس کو مکمل ہٹانے اور نیویگیشن اینٹینا کے لیے متبادل انتظام کرنے کا ارادہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 دسمبر کو جیجو ایئرلائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 179 مسافر ہلاک ہوئے تھے جبکہ دو افراد بچ گئے تھے۔
حادثے کی ویڈیوز میں موان ایئرپورٹ پر تیزی سے لینڈ کرنے والے طیارے کوسیمنٹ کے سٹرکچر سے ٹکرانے کے بعد پھٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے ایئرپورٹ کے رن وے کے ڈیزائن پر بھی تنقید کی ہے کہ یہ حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتا۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت تمام ایئرپورٹس پر رن وے کے ساتھ 240 میٹر کا حصہ خالی چھوڑا جائے گا۔