ایم ایم اے نے جلسوں کا شیدول جار ی کردیا
اسلام آباد... متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کے استحکام کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں۔ عام انتخابات کو مشکوک بنایا گیا تو یہ قومی سلامتی کےلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ اگلے عام انتخابات کو آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف بنانے کےلئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت اپنے اختیارات بھر پور طریقے سے استعمال کرے ۔نیب ،ایف آئی اے اور عدالتیں اپنے اختیارات کے حوالے سے آزاد ہیں تاہم ان کے فیصلوں سے کسی فرد واحد کو نشانہ بنانے کا تاثر نہیں آنا چاہیے۔ملک کو تذبذب کی صورتحال سے نکالنے میں ایم ایم اے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ ایم ایم اے کی سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔13جولائی کو ملتان میں ایم ایم اے کے قائدین کا پہلا مشترکہ جلسہ ملتان میں 14جولائی کو راولپنڈی میں 15جولائی کو کراچی میں 21جولائی کو ہزارہ اور ایبٹ آباد ڈویژن جبکہ 22جولائی کو مالاکنڈ ڈویژن میں جلسے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایاکہ ایم ایم اے کا بڑا واضح مطالبہ ہے کہ اگلے عام انتخابات بروقت ہوں۔ یہی ملک کے آئین کا تقاضہ بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے نے پورے ملک میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر191نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ بعض حلقوں پر مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی سمیت علاقائی سطح پر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی متوقع ہے۔دریں اثناء ایک انٹرویو میں فضل الرحمان نے عمران خان کی تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کی زبان میں شرافت ختم ہو چکی ۔ یہ زبان ان کے بونے پن کی نشانی ہے۔ فضل الرحمان نے مقنا طیس کہنے پر عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان مقناطیس کا مطلب ہی نہیں سمجھتے۔مقناطیس کسی طرف جاتا نہیں بلکہ دوسری چیزوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔