متحدہ کے سینئر رہنما اشتہاری قرار‘ جائداد ضبط کرنے کا حکم
کراچی:عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینیئر خالد مقبول صدیقی، خاتون رہنما نسرین جلیل، کمال پاشا ، کنور نوید اور فیصل صدیقی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزمان کی منقولہ وغیر منقولہ جائداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاﺅڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں متحدہ (پاکستان) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، کمال پاشا، کنور نوید اور فیصل صدیقی کواشتہاری قراردے دیاگیا، تھانہ سولجر بازار تھانے کی جانب سے ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر افراد کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔ گزشتہ روز تھانہ سولجر بازار پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان کے گھروں میں چھاپے مارے ، متعلقہ تھانوں میں اشتہار آویزاں کیے ، اشتہارات شائع کیے ، تاہم ملزمان روپوش ہوگئے ہیں ملزمان کی منقولہ وغیر منقولہ جائیداد کے ریکارڈ کے لیے متعلقہ اداروں کو مکتوب ارسال کردیے ہیں، حیدر عباس رضوی بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں ملزمان کی گرفتاری ممکن نہیں، انہیں اشتہاری قرار دیا جائے ۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے کنوینیئر خالد مقبول صدیقی ، نسرین جلیل ، کمال پاشا ، کنور نوید اور فیصل صدیقی اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزمان کی منقولہ وغیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے عدالت کا حکم دے دیا ملزمان کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں مقدمہ درج ہے۔ مقدمے میں وسیم اختر اور ڈاکٹر فاروق ستار نے ضمانت لے رکھی ہے۔