Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی آبی ذخیرے پر 37 میل لمبی موٹر وے توجہ کا مرکز بن گئی

ووننگ جیانگژی ، چین..... آج کی  ترقی پذیر دنیا میں  مسابقت کی جو دوڑ چلی ہوئی ہے   اس میں فن تعمیر کا شعبہ بطور خاص نمایاں نظر آتا ہے  اور  اس حوالے سے چین کی  ترقی مثالی  قرار دی جارہی ہے۔ اس  ترقی کی ایک مثال یہاںایک آبی ذخیرے پر تعمیر ہونے والا پل ہے۔  اس کی  لمبائی 37میل بتائی جارہی ہے  او رجو حسین و خوبصورت ہونے کے علاوہ انتہائی قابل دید اور  قابل تقلید بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس آبی ذخیرے پر بنے ہوئے پل کے ذریعے جیانگژی کے  دو علاقوں  یونگ ژی یو اور  ووننگ کائونٹیز کو  ایک دوسرے کے ذریعے ملا دیا گیا ہے۔  عجیب و  غریب اور خوبصورت پل کی تعمیر کی  بنیاد  17زیر آب پلوں پر رکھی گئی ہے جو آس پاس کی پہاڑیوں کے ساتھ بل کھاتی ہوئی چلتی ہے۔ آس پاس کے دوسرے چھوٹے جزیرے  بھی اس کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ تعریف تو یہ ہے کہ یہ ساری چیزیں اس خوبصورتی سے تعمیر کی گئی ہیں کہ سب ایک  دوسرے میں  مدغم نظر آتی ہیں جیسے کسی پینٹنگ کے مختلف مناظر ایک دوسرے سے  منسلک نظر آتے ہیں۔ بہت سے لوگ اس پل سے  بطور ضرورت آمد ورفت کررہے ہیں مگر ایک  بڑی تعداد  ان  لوگوں کی بھی ہے جو محض پل او راطراف کا جائزہ لینے کیلئے اس شاہراہ پر سے گزر  رہے ہیں۔ یہ شاہراہ جس آبی ذخیرے پر بنی ہے  وہ ژیلین جھیل کے نام سے مشہور ہے او رلوشان پہاڑی علاقے کے قریب ہے۔  یہ  راستہ انتہائی حسین ہونے کے ساتھ حیران کن بھی ہے۔ جھیل کی چوڑائی 248مربع کلو میٹر بتائی جاتی ہے  اور  اس میں 8ارب مکعب میٹر پانی کی گنجائش ہے۔  اس علاقے میں آنے والے جھیل کے  صاف شفاف اور نیلے پانی کو  دیکھ کر حیران  و ششدر ہوجاتے ہیں۔اس ہائی وے کی تعمیر 2011ء میں شروع ہوئی تھی اور  چند ماہ قبل مکمل ہوئی۔ جس کے بعد سے اس پر  ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔   واضح ہو کہ یہ جھیل لوشان پہاڑی  کے  قریب ہے  جسے یونیسکو  1996ء میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دے چکی ہے  اور یہ  علاقہ صدیوں سے اپنے خوبصورت مناظر ،  تہذیب و  ثقافت کے حوالے سے مشہور ہے۔
مزید پڑھیں:- - -ایئر ہوسٹس نے بات نہ ماننے پر 8مسافروں کو طیارے سے نکال دیا

شیئر: