Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج آپریشن 1439 ھ کیلئے پاکستانی رضاکاروں کی تربیت کا سلسلہ شروع

حجاج کرام کی رہنمائی اور خدمت پر مشاعر مقدسہ خصوصاً منیٰ میں تعینات ہونگے 
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی ) پاکستان حج والینٹیرز گروپ کے میڈیا سیل نے واضح کیا ہے کہ حج آپریشن 1439 ھ کےلئے پاکستانی رضاکاروں کی تربیت کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ امسال 2000 سے زائد رضاکار حجاجِ کرام کی رہنمائی اور خدمت کےلئے مشاعرِ مقدسہ خصوصاً منیٰ میں موجود رہیں گے۔ پی ایچ وی جی نے3 ہفتے قبل رضاکاروں کی رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا اور اب تک 1400 سے زیادہ رضاکار خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں ۔ مکہ میں بلڈنگ نمبر 808 شارع عبداللہ خیاط اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی عمارت میں ہر جمعرات اور جمعہ کو نمازِ مغرب کے بعد رضاکاروں کو تربیت دی جارہی ہے۔ ریاض میں نالج کور اکیڈمی ایگزٹ 9 اور اسکے علاوہ پی ایچ وی جی کی موبائل ٹیمیں مختلف شہروں کے قریب موجود کیمپوں میں بھی جا کر رضاکاروں کی رجسٹریشن اور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دمام، ینبع، جبیل، مدینہ منورہ، خمیس مشیط، ابہا، جازان وغیرہ شہروں میں بھی تربیتی پروگرام ہورہے ہیں۔ رضاکاروں کی تربیت کے لئے نقشوں، سلائیڈز ، مختصر دورانیئے کی ویڈیو ، فلموں اور دوسرے آڈیو و یژول آلات کی مدد لی جارہی ہے۔ پی ایچ وی جی کے رضاکار حج کے دوران 9 ذی الحج سے 12 ذی الحج تک منیٰ میں 24 گھنٹے موجود رہ کر حجاج کی رہنمائی اور خدمت کا فریضہ سر انجام دینگے۔ 
 

شیئر: