صفائی کارکن کیساتھ لڑکوں کی بے رحمی
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
مدینہ منورہ ... 4نامعلوم لڑکوں نے مدینہ منورہ میں دھار دار آلے سے ایک صفائی کارکن پر تشدد کی انتہا کردی۔ انہوں نے کارکن کو وحشیانہ طریقے سے زدوکوب کیا اور اس سے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ متعلقہ اداروں نے اطلاع ملنے پر کارکن کو زخمی حالت میں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کردیا۔ مدینہ منورہ کے سیکیورٹی اداروں نے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ سبق ویب سائٹ کی رپورٹ میں توجہ دلائی گئی ہے کہ حالیہ ایام کے دوران مملکت کے بعض علاقوں میں لڑکوں کی طرف سے صفائی کارکنان پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اس طرح کے کئی وڈیو کلپ منظر عام پر آئے ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ مقامی لڑکے صفائی کارکنان کو زدوکوب کررہے ہیں۔