نیب کی ٹیم نے بھی بزنس کلاس میں سفر کیا
اسلام آباد... سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے صاحبزادی مریم نواز کی ا بو ظبی سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر بزنس کلاس میں نیب کی ٹیم بھی ساتھ بیٹھ گئی۔ پاکستانی حدود میں طیارہ داخل ہوتے ہی نیب ٹیم نے باپ بیٹی سے موبائل فونز لے لئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی کو ابو ظبی ایئرپورٹ پر اطلاع دی گئی تھی کہ نیب کی ٹیم گرفتاری کیلئے آچکی ہے لیکن امارات کے دفاعی حکام سے بات چیت ناکام ہونے پر ا نہیں پاکستانی حدود سے حراست میں لینے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کے ساتھ شریک سفر نیب کی ٹیم بزنس کلاس میں موجود ہو گی ۔نوازشریف اور مریم نواز کو اسلام آباد یا ملتان میں اتارنے کے لئے پاکستانی حکام کے امارات وزارت دفاع حکام سے مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ طیارے میں موجود مسافر تھے جنہوں نے لاہور کے سواکسی اور شہر میں اترنے سے انکار کردیا تھا۔