Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری کے قریبی دوست عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیے گئے

کراچی:  جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عادلت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست حسین لوائی کو ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایف آئی اے نے نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا کو عدالت میں پیش کیا۔
کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے لیے 47 اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔ اس حوالے سے بینیفشریز اور دیگر معاملات کی تحقیقات کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ لہٰذا ریمانڈ میں توسیع کی اجازت دی جائے جبکہ ملزمان کے وکلا نے اپنے موکلین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی درخواست کی۔ جس پر عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 14 روز کے لیے جیل بھجوادیا۔
واضح رہے کہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے ۔ حسین لوائی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین اور نجی بینک کے سربراہ ہونے کے علاوہ آصف زرداری کے قریبی دوست بھی ہیں۔

شیئر: