Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: ملٹری تنصیبات پر حملہ ہوگا تو کارروائی ملٹری کورٹس میں ہوگی: وزیر اطلاعات

پاکستان کے وزیرا اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں پر مقدمہ ملٹری کورٹس میں ہی چلتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملٹری تنصیبات پر حملہ ہوگا تو کارروائی ملٹری کورٹس میں ہوگی۔ پی ٹی آئی ملٹری کورٹس کے معاملے پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔ 
’دفاعی ادارے پر حملے کی صورت میں اس کے پاس کارروائی کا اختیار ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ پھر کہاں ٹرائل کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ماضی میں فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ ’اور اپنے دورِ حکومت میں ملٹری کورٹس کے فضائل بیان کرتے رہے ہیں۔‘

کوئٹہ کے قریب گیس پائپ لائن میں دھماکہ

کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ہے تاہم دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے یا کسی ممکنہ تخریب کاری سے گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے بعد 18 انچ قطر کی مین گیس سپلائی پائپ لائن سے گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
بیان کے مطابق سوئی سدرن کی ٹیکنیکل ٹیموں کو فوری طور پر اختر آباد ویسٹرن بائی پاس روانہ کر دیا گیا ہے۔ ’بالائی بلوچستان کے علاقوں کچھلاک زیارت، بوستان، یارو، کربلا، ہرمزئی اور پشین اور کوئٹہ شہر کے علاقے بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خائزی، اے ون سٹی اور ہزار گنجی کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔‘

کابینہ ڈویژن کا ہیلی کاپٹر پاڑا چنار میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کا ہیلی کاپٹر پاڑا چنار میں ادویات کی فراہمی، مریضوں کی منتقلی اور دیگر امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاڑاچنار میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
’نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی وزیراعظم کی ہدایت پر پاڑا چنار کے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کی ایمرجنسی طبی ضروریات کے لیے ادویات پہنچانے کا اہم ریلیف آپریشن کر رہی ہے۔‘
وزیراعظم کی ہدایت پر 500 کلو گرام ادویات لے کر پہلا ہیلی کاپٹر بدھ کو پاڑا چنار پہنچا ، واپسی پر یہ 4 مریضوں کو علاج معالجے کے لیے اسلام آباد لے کر آیا۔ دوسرا ہیلی کاپٹر مزید 500 کلو گرام ادویات لے کر اسلام آباد سے پاڑا چنار کے لیے روانہ ہوا جو واپسی پر وہاں سے مریضوں کو اسلام آباد لے کر آئے گا۔

جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 13 شدت پسند ہلاک

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 13 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں 24 اور 25 دسمبر کی درمیانی شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن میں فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ’آپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘

جنوبی وزیرستان میں آپریشن، وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں ’13 شدّت پسندوں‘ کو ہلاک  کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک سے فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کی مکمل سد باب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو سراہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

آرمی چیف کی راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسیحی برادری نے آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی موجودگی اور یکجہتی کے لیے اظہار تشکر کیا۔
آرمی چیف نے ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کی آفاقی قدروں کی گہری یاد دہانی کے طور پر کام کرتا ہے۔

کرسمس کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم کا مبارکباد کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ’وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے ملک کی ترقی اور استحکام خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قوم کی تعمیر کے شعبوں میں کئے گئے مثالی تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حکومت تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

 

شیئر: