دشمن کو ہر قیمت پر شکست دیں گے،جنرل باجوہ
کوئٹہ ...سانحہ مستونگ کے شہدا ءکو سپرد خاک کردیا گیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی نماز جنازہ ہفتے کو کوئٹہ کے موسیٰ اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔سراج رئیسانی کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا ۔ فوجی جوان تابوت کو لائے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور نگران وزیراعلیٰ علاو¿الدین مری نے بھی شرکت کی۔نگران وزیراعظم ناصر الملک نے سانحہ مستونگ اور بنوں پر اتوار کو ملک بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ حکومت بلوچستان نے 2 روزہ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکہ اس وقت کیا گیا جب پی بی 35 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی خطاب کر نے والے تھے۔دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت ا سٹیج پر اور اردگرد موجود کئی کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد132 ہوگئی۔سانحہ کیخلاف ہفتے کو بلوچستان میں ، دکانیں، بازار اور سرکاری دفاتر بند رہے۔وکلاءبھی عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ دریں اثناءآرمی چیف جنرل باجوہ نے شہید سراج رئیسانی کو "سولجر آف پاکستان" قرار دے دیا۔ آرمی چیف شہید رہنما کے گھر گئے اور ورثا سے تعزیت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے ایک بہادر اور محب وطن پاکستانی کھو دیا۔ سراج رئیسانی کی جرات اور پاکستان کے لئے خدمات پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی 3 نسلوں نے پاکستان کے لئے قربانی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور قوم انتہا پسندی اور دہشتگردی کے چیلنج کے خلاف کھڑے ہیں۔ دشمن کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔ مستقل امن کی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کی بھی عیادت کی اور شہداءکے خاندانوں سے تعزیت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔