Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاراشٹر: دودھ کی قیمت نہ بڑھنے پر کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ

ممبئی ۔۔۔۔۔۔دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کے مطالبہ پر کسانوں کی تنظیم’’ سوابھیمان شتکاری سنگٹھن ‘‘نے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ایک لیٹر دودھ پر 27 روپے دینے کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔آل انڈیا کسان سبھا اور دودھ اُتپادک شِتکاری سنگھرش سمیتی نےبھی مظاہرین کی حمایت کا اعلان کردیا۔ مظاہرے کا اثر ممبئی اور پونا میں پڑا۔ مظاہرین نے دودھ کے پیکٹ سے بھرے ٹرک کو روک کر اس میں توڑ پھوڑ کی اور دودھ سڑک پر بہا دیا۔انہوں نے الزام عائد کیا ہےکہ حکومت فی لیٹر دودھ کی قیمت 27 روپےدینے کا وعدہ کیا تھا لیکن صرف 17 سے 20 روپے ہی دیئے جارہے ہیں اور بازار میں جا کر یہی دودھ 40 سے 45 روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ رکن پارلیمنٹ راجو شیٹی نےبتایا کہ کسان ڈیری میں 17 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرتے ہیں۔ اس کومختلف مراحل سے گزار کر ڈیری والے اسے پیکٹ میں ڈالتے ہیں اور کم از کم 42 روپے فی لیٹر قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔ کسان اس فائدے سے مستفید نہیں ہوتے ۔مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر حکومت نے ٹھوس اقدامات نہیں کئےتوپونے اور ممبئی میں دودھ کی فراہمی روک دی جائے گی۔ کسان رہنمااجیت نولے نے بتایا کہ ریاستی سطح پر کسان پہلے بھی تحریک چلا چکے ہیں اور ضلع افسران کے دفتر میں مفت دودھ بھی تقسیم کرچکے ہیں۔ کسان لیڈروں نے 16 جولائی سےپرامن تحریک چلانے کا عندیہ دیدیا۔
مزید پڑھیں:- - - -بہار میں انجینیئر کا اغوا اور جبراً شادی

شیئر: