کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کا رویہ افسوسناک ہے، الیاس رحیم
ذکاء اللہ محسن- - ریاض
کشمیر کی وادی میں اللہ اکبر کی صدائیں صدیوں سے گونج رہی ہیں اور یہ سلسلہ آزادی تک قائم رہے گا ۔ جب جب کشمیر میں ظلم وستم بڑھے گا مساجد سے ہی نہیں چوکوں اور چوراہوں سے بھی کشمیری قوم دین اسلام کا پرچار کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاک میڈہا فورم کے صدر الیاس رحیم نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں اسلام کی سربلندی اور الحاق پاکستان کے ساتھ بلند ہونے والی آوازوں کو بے رحمی کے ساتھ دبا یا جارہاہے، نہتے کشمیری آزادی جیسی عظیم نعمت سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ کا رویہ افسوس ناک ہی نہیں خطرناک بھی ہے کیونکہ اقوام متحدہ کشمیر کے ایشو پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
پاک میڈیا فورم کے جنرل سیکریٹری عابد شمعون چاند کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہیں کیونکہ کشمیر کاز کو میڈیا کی بدولت بہتر انداز میں تقویت ملتی ہے۔ اسکے علاوہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کا کردار بھی بہت اہم رہا ہے جس سے کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اٹھانے میں مدد ملی ۔اس کے ساتھ ساتھ اردو نیوز اور دیگر اخبارات و ٹی وی چینلز نے بھی بھرپور ساتھ دیکر کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔