Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق حکمرانوں نے پاکستان کا پانی بھی بیچ دیا،گلالئی

سجاول... تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ اور سجاول میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247پر امیدوار عائشہ گلالئی نے کہا کہ پاکستان کے کرپٹ سابق حکمرانوں نے پاکستان کا پانی بھی فروخت کر دیا ۔ ہندوستانی حکومت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو سبوتاژ کرتے ہوئے متنازعہ علاقہ میں دریائے نیلم پر کشن گنگا ڈیم کی تکمیل سمیت کشمیر کے پہاڑوں میں بڑی خاموشی سے5 دریاوں کے رخ بدلے جا رہے ہیں۔ مغربی پاکستان کو سیراب کرنے والے ان دریاوں کا پانی جے پور،جودھ پور اورجیسلمیر جیسے صدیوں کے بنجر علاقوں کو آباد کرنے پر منتقل کیا جارہا ہے جو مودی حکومت کی کھلی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان کے پانی پر ڈاکے کے باعث ملک سمیت خصوصا سندھ بھر میں پانی کے بحران نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ۔ پانی کے بحران سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ پانی کی بحرانی کیفیت صرف پینے کے صاف پانی تک ہی محدود نہیں رہی۔ سندھ کے بیشتر زرعی علاقے بھی پانی کی شدید ترین کمی کی صورت حال کا سامنا کررہے ہیں۔ پریس کلب سجاول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہند صرف دریائے سندھ پر 14چھوٹے اور2بڑے ڈیم مکمل کر چکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ منگلا ڈیم اکتوبر 2017 سے خالی پڑا ہے۔ تربیلا ڈیم بھی اس وقت بارش کا محتاج ہے۔ دریائے جہلم پر وولر بیراج اور ربڑ ڈیم سمیت 52ڈیم بنا رہا ہے ۔ چناب پر مزید 24 ڈیموں کی تعمیر جاری ہے۔ یہ سب کچھ ہمارے سیاستدانوں اور حکمرانوں کی آنکھوں کے سامنے ہورہا ہے لیکن کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں ۔
مزید پڑھیں:پیپلزپارٹی اقتدار کیلئے ایٹمی پروگرام بند کرنے پر تیار تھی،پیر پگارا
 

شیئر: