اقوام متحدہ نے ہندوستانی الزامات مسترد کردیئے، پاکستان
اسلام آباد...ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر ہندوستانی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ٹوئٹر پر بیان میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہند کی جانب سے بغیر جانچ پڑتال کے رپورٹ کو مسترد کرنا کافی مایوس کن تھا۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے اٹھائے گئے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات کو حل کرنے میں ہند ناکام ہوگیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ او ایچ سی ایچ آر کی جانب سے ہائی کمشنر اور ظفر بنگش کے درمیان کسی بھی طرح کے رابطے کی واضح طور پر تردید کردی ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی کشمیر رپورٹ میں ہندوستانی سرکاری ذرائع، ہندوستانی پارلیمان، ہندوستانی سپریم کورٹ اور ہند کی داخلہ امور کی وزارت کا حوالہ دیا گیا۔انہوںنے کہا کہ او ایچ سی ایچ آرہندکی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوششوں سے پریشان ہے۔ترجمان کے مطابق او ایچ سی ایچ آر نے کہا کہ کشمیر رپورٹ وادی کے لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کمشنر آف انکوائری (سی او آئی) کے دورے پر خوش آمدید کہتا ہے کیونکہ رپورٹ میں آزاد جموں کشمیر اور ہند کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی تھی۔