مراد علی شاہ کے خلاف درخواست مسترد
کراچی: سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کی دہری شہریت سے متعلق درخواست مسترد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی دہری شہریت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس دوران درخواست گزار روشن علی نے موقف اختیارکیا کہ مرادعلی شاہ دہری شہریت رکھتے ہیں لہٰذا وہ انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں۔
درخواست گزارکے مطابق مرادعلی شاہ نے انتخابی فارم میں دہری شہریت ظاہر نہیں کی۔دوسری جانب مراد علی شاہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دہری شہریت سے متعلق حیدرآباد بینچ نے جلال محمود شاہ کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی اس طرح کی درخواست قابل سماعت نہیں۔
عدالت نے دونوں فریقین کا موقف سننے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔