بنیادی سہولیات کے بغیر پاکستانی ہاکی ٹیم کی ٹریننگ
کراچی:ایشین گیمزکی تیاری کےلئے پاکستانی ہاکی ٹیم سابق کپتان اور اولمپیئن اصلاح الدین کے نام پر قائم اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہی ہے لیکن ٹیم کو بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں۔اصلاح الدین اکیڈمی میں گول پوسٹ کی جالیاں پھٹی ہوئی ہیں، تختے ٹوٹ گئے ہیں جبکہ بوسیدہ آسٹرو ٹرف بھی جگہ جگہ سے پھٹ رہی ہے۔ ایشین گیمز کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ اصلاح الدین اکیڈمی نارتھ ناظم آباد میں لگا ہوا ہے لیکن اکیڈمی کی حالت غیر ہو چکی ہے بلیو کلر کی آسٹروٹرف جگہ جگہ سے پھٹ چکی ہے، کرسیاں ٹوٹ گئی ہیں اور جو کر سیاں سلامت ہیں ان پر صفائی کا بھی کوئی انتظام نہیں۔ آسٹروٹرف کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے اس پر پڑی مٹی جمی ہوئی ہے اوراسی پر پانی کا چھڑکاو کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹرف میں مٹی بھرگئی ہے۔ پانی کی نکاسی سائڈ پر موجود نالیوں کی صفائی نہیں کی گئی اور اس کی جالیاں ٹوٹ کر اندر پڑی ہوئی ہیں۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں کوئی پریشانی نہیں ، صرف اپنی تنخواہوں کی فکر ہے وہ آجائے تو سارے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔صبح 6بجے شروع ہونے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کیلئے پینے کے پانی کی محض ایک بوتل موجود تھی جو فیڈریشن کی نا اہلی اور ٹیم کی کسمپرسی کی داستان سنا رہی تھی۔اس صورتحال میں ٹریننگ کرنے والی ٹیم سے ٹورنامنٹ جیتنے کی امید رکھنا محض خام خیالی ہی نظر آتی ہے۔