اردو شیریں اور پسندیدہ زبان ہے، وینکیا نائیڈو
نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے اردو زبان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شیریں زبان ہے اور آزادی سے قبل سبھی لوگ اسی زبان کا استعمال کرتے تھے۔ یہ زبان مجھے بیحد پسند ہے۔ یہ بات انہوں نے یونیسف کے میڈیا مشیر و صحافی ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کی صحت و ماحولیات پر مبنی کتاب کی رسم اجراکے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔نائب صدر نے اردو کے بارے میں کہا کہ یہ فرقہ واریت کا شکار ہوئی اسے مخصوص طبقے سے جوڑنے کی وجہ سے نقصان پہنچا۔اردو کی شیرینی اور مٹھاس نے کافی متاثر کیاپہلے یہی زبان پورے ہندوستان میں رائج تھی، یہ ملک کی رابطہ کی زبان تھی۔انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی جیسے لوگوں کی ہندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریر کو سمجھنے کیلئے ڈکشنری کھولنی پڑتی ہے لیکن اردواتنی آسان اور پرکشش زبان ہے کہ اسے سمجھنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی۔