’’آپ‘‘ پارٹی کے 2ارکان اسمبلی کینیڈا ایئرپورٹ سے واپس
نئی دہلی۔۔۔۔پنجاب کے عام آدمی پارٹی کے 2ارکان اسمبلی کو کینیڈا ایئرپورٹ سے واپس آنا پڑا۔روپڑ سے رکن اسمبلی امرجیت سنگھ سندھوا اور کوٹک پورا سے رکن اسمبلی کلتار سنگھ سندھوا کو کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔امیگریشن حکام نے تفتیشی کارروائی کے بعد ان دونوں ارکان اسمبلی کو اوٹاوا ایئرپورٹ سے ہند واپس بھیج دیا ۔دہلی واپس آنے کے بعد امرجیت سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہو سکتا ہے کینیڈامیں امیگریشن حکام کے ساتھ بات چیت میں کوئی کمی رہ گئی ہو۔حکام نے کہا کہ آپ نے ویزا بیوی بچوں کے ساتھ لیا تھا لیکن آپ تنہا آئے ہوئے ہیں ۔ یہاں سیاسی پروگرام کی بابت مطلع نہیں کیالہذا کینیڈا میں داخل ہونے کی اجاز ت نہیں دے سکتے ۔ آپ جب بھی آئیں تو مکمل معلومات فراہم کرنے بعدآئیں،ہم آپ کا استقبال کرینگے۔کوٹک پورا سے’’آپ پارٹی‘‘کے رکن اسمبلی کلتارا سنگھ سندھوا نے بتایا کہ امیگریشن حکام نے ہندوستان واپس جانے کیلئے کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اس بات سے مطمئن نہیں ہوجاتے کہ یہاں آنے والا سیاسی یا نجی مقاصد کیلئے آرہا ہے تب تک اجازت نہیں دی جاتی۔کلتارا سنگھ نے بتایا کہ بہن کے پاس جانا چاہتے تھے۔ رکن اسمبلی ہونے کے ناتے کینیڈا میں سیاسی پروگرام بھی ترتیب دیئے گئے تھے تاہم فیصلہ ابھی باقی تھا۔واضح ہو کہ ’’آپ ‘‘پارٹی کے رکن اسمبلی سندھوا کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ مالک مکان خاتون نے ان کے خلاف جولائی میں چھیڑخانی، مارپیٹ اور دھمکی کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔ روپڑ عدالت نے جمعہ کو سندھوا کو ملزم قراردیدیاتھا۔نامعلوم شکایت کنندہ نے عدالت کے فیصلے کی کاپی کے ساتھ ایک شکایت نامہ کینیڈا کے اعلیٰ حکام کو ای میل کردیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے ان دونوں ارکان کو کینیڈا ایئرپورٹ سے دہلی واپس بھیج دیا گیا ۔