نیب تحقیقات اور ریحام کی کتاب کا کوئی فائدہ نہیں ہوا
کراچی: ملک بھر میں انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی واضح ہو چکی ہے اور 5 حلقوں سے الیکشن لڑنے والے پی ٹی آئی چیئرمین بھی پانچوں نشستوں پر کامیاب ہوکر نیا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔
اس حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے تحقیقات اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی لکھی گئی کتاب بھی کپتان کا کچھ نہیں بگاڑ سکی۔ واضح رہے کہ پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے، بلین ٹریز پروجیکٹ، کرپشن اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر نیب کی جانب سے تحقیقات جاری تھیں جس پر عمران خان کو نوٹس بھی جاری کیا جا چکا تھا۔ جبکہ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی کتاب میں عمران خان سے متعلق انکشافات کیے تھے جن سے کئی تنازعات بھی پیدا ہوئے اور میڈیا میں بھی ان کی کتاب موضوع بحث بنی رہی تاہم یہ تمام عناصر مل کر پی ٹی آئی اور عمران خان کو انتخابی کامیابی سے دور نہیں کر سکے۔