سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کرکشن، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 18ارب ریال کی کمی
سعودی کیان کو فوقیت، ساکو کی تنزلی، متعدد کمپنیوں کے ڈیویڈنڈ کے اعلانات، سرمایہ کاروں کا اظہار ناپسندیدگی
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کرکشن دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 157پوائنٹس کے مدو جزر کے بعد 82.27پوائنٹس کی کمی کے بعد 8367.70 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ حصص کی قیمتوںمیں کمی کیوجہ سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 18ارب ریال کی کمی دیکھنے میں آئی فائدے کے لحاظ سے انفرادی کمپنیوں میں سعودی کیان کو سب سے زیادہ فوقیت حاصل رہی۔ نیشنل شپنگ کی قدر 4.87فیصد اضافے کے بعد 30.15ریال تک بڑھ گئی۔ ساکو نے اپنے ششماہی مالیاتی نتائج کے ساتھ 10فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا مگر سرمایہ کاروں کو اتنا کم ڈیویڈنڈ پسند نہیں آیا اور انہوں نے حصص بیچنے کو ترجیح دی۔ اس لئے اسکی قیمت 26.44فیصد تنزلی کے بعد 81.50ریال تک گر گئی۔ سعودی کیبلز کمپنی جو اپنے سرمائے کا 50فیصد حصہ کھو چکی ہے اسکی قیمت 20.07 فیصد تک گر گئی۔ نقصان کے لحاظ سے تیسرے نمبرپر مڈل ایسٹ اسپیشلائز ڈ کیبلز رہی جسکی قدر 15.25فیصد انحطاط پر بند ہوئی۔ سب سے زیادہ خرید و فروخت ہیوی ویٹ سابک میں کی گئی۔ النماءبینک میں 2.4ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اسکی قدر 0.36فیصد فروغ کے بعد 22.28ریال پر بند ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں پیٹرو رابغ کی قیمت 3.97فیصد اضافے کے بعد 28.80ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ پچھلے ہفتے بھی متعدد کمپنیوں نے ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے ان میں سعودی ٹیلیکوم ، سعودی برطانوی بینک ، سیپکیم اور ینبع سیمنٹ کے نام قابل ذکر ہیں۔