ساتویں عسیر کرکٹ لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپیئن شپ
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
فائنل میں فیصل آباد کنگز نے گرین اسٹار کو 65رنز سے شکست دیدی، نبیل ملک مین آف دی فامیچ قرار پائے،تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد
ساتویں عسیر کرکٹ لیگ T-20کرکٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں فیصل آباد کنگز نے گرین اسٹار کو 65رنز سے شکست دے دی۔ نبیل ملک مین آف دی میچ قرارپائے۔ فیصل آباد کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنائے جس میں نبیل ملک کے عمدہ81، ضیغم ملک نے 44گیندوں پر 72 رنز اور اعجاز ملک کے 15 رنز شامل تھے۔ گرین اسٹار کی جانب سے الیاس نے 2، افضل اور عدنان نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ جواب میں گرین اسٹار کی ٹیم 17.2اوورز میں 147رنز سکی۔ ناصر نے 39،محمد رشید نے 25اور عدنان نے 24رنز بنائے۔ فیصل آباد کنگز کے ناصر راونے 3، علی شیر اور نبیل ملک نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی ٹیلنٹ انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل اظہر احسان تھے ان کے ہمراہ دیگر مہمانوں میں اصغر علی خان، سفیان انجم، صوبیدار شاہ ، محمد جاوید، راو اویس اسلم، ندیم احمد، راو یاسر، ملک جاوید، انعام خان اور قربان علی بھٹی شامل تھے۔ احسن وحید نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز محمد افضل نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ احسن وحید نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام ٹیموں کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔ عسیر کرکٹ لیگ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ بہتر سے بہتر انتظامات کرے۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ کا تعاون حاصل ہوتا ہے۔ میں عسیر کرکٹ لیگ کے چیئرمین محمد اصغر خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ عسیر کرکٹ لیگ کے چیئرمین محمد اصغر خان نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیصل آباد کنگز کی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عسیر کرکٹ لیگ آپ کے تعاون سے کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سعودی کرکٹ سینٹر کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ بہت تعاون کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج سعودی عرب میں کرکٹ کو اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ میں ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے اور تعاون پیش کرنے والوں کا شکرگزار ہوں۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد عسیر کرکٹ لیگ کے انتخابات بھی ہوں گے جو پینل بھی جیت کر آئے گا اس کے ساتھ ہمارا بھرپور تعاون رہے گا۔ ہم سب نے مل کر کرکٹ کو پروان چڑھانا ہے۔ کرکٹ بہترین تفریح ہے۔ اس سے مل بیٹھنے اور شوق کو پروان چڑھانے کی تکمیل بھی ہو تی ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیو ں کو انعامات اور تحائف دیئے گئے۔ محمد مبین کو بہترین بلے باز قرار دیا گیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 324رنز بنائے۔ بہترین بولر کا ایوارڈ فاروق ناز کو دیا گیا۔ انہوںنے ٹورنامنٹ میں 14وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں کا تعلق ڈیلٹا کرکٹ کلب سے ہے۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ القحطانی کے رضوان مرزا قرار پائے۔ انہوں نے 414رنز اور 6وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ مہمانوں نے ٹورنامنٹ کے تمام میچوں کے مین آف دی میچ کو انعامات تقسیم کئے۔ فیصل آباد کنگز کے چیئرمین قربان علی بھٹی نے ٹیم کو مبارکباد دی۔ ٹورنامنٹ میںعسیر کرکٹ لیگ کی جانب سے تمام میچوں میں ریفریشمنٹ دیا گیا جسے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے سراہا۔