بہار میں مشتعل بھیڑ کے ہاتھوں قتل
پٹنہ۔۔۔بہار میں مظفر پور کے علاقے جگدمبا نگرمیں موب لنچنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے اطلاع کے مطابق مشتعل بھیڑ نےارجن نامی نوجوان پر موبائل چوری کا الزام لگاکر حملہ کردیا ۔اس حملے میں اس کے ساتھ موجود دوسرا نوجوان بھی شدید زخمی ہوگیا جنہیں اسپتال پہنچایا گیاجہاں ارجن کی موت ہوگئی ۔ واقعہ کے بعدارجن کے اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک جام کردیااور حکومت سے معاوضے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔ سٹی ڈی ایس پی مکل رنجن نے بتایا کہ ارجن کے قاتلوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے موب لنچنگ کے واقعات کیخلاف قانون بنانے کیلئے مرکزی داخلہ سیکریٹری کی صدارت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی بھیڑ کو من مانی کرنے سے روکنے کیلئے سپریم کورٹ کے حکم کو نافذ کرانے کی کارروائی کریگی۔