ریاض میں پیر کی رات خادم حرمین شریفین کنگ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی کنگ فیصل ایوارڈ کی تقریب میں چھ ممتاز شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ فیصل ایوارڈ کے 47 ویں ایڈیشن کی یہ تقریب کنگ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔
مزید پڑھیں
-
کنگ فیصل ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان
Node ID: 373356
-
کنگ فیصل ایوارڈ یافتگان کون ہیں؟
Node ID: 631176
-
کنگ فیصل ایوارڈ، 7 سربرآوردہ شخصیات کو نوازا گیا
Node ID: 657161
ریاض کے پرنس سلطان گرینڈ ہال، الفیصلیہ سینٹر میں منعقد ہونے والی تقریب میں گورنر مکہ مکرمہ، کنگ فیصل ایوارڈ بورڈ کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل کی نیابت کرتے ہوئے شہزادہ ترکی الفیصل، دیگر شہزادے، اعلیٰ سرکاری افسران، ماہرین تعلیم اور سائنسدان شریک تھے۔
اس موقع پر کنگ فیصل ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز سینٹر کے چیئرمین شہزادہ ترکی الفیصل نے اسلام کی خدمت، اسلامی علوم، طب اور سائنس کے شعبوں میں مہارت رکھنے والے علماء ،ماہرین اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انعام یافتگان کو مبارکباد پیش کی۔
سعودی عرب سے دو افراد کو مشترکہ طور پر اسلام کی خدمت کا ایوارڈ دیا گیا۔ پہلا انعام لاجلھم ایسوسی ایشن کے ’تبیان قرآن پروجیکٹ‘ کو دیا گیا، جس نے دنیا کا پہلا مکمل قرآنی ترجمہ اشاروں کی زبان میں تیار کیا تاکہ سماعت سے محروم افراد بھی قرآن کی تعلیمات سے مستفید ہو سکیں۔

دوسرے ایوارڈ سامی عبداللہ المغلوث کو اسلامی تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے اور نقشہ سازی کے شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
اسلامی علوم کا ایوارڈ جزیرہ نما عرب میں آثار قدیمہ کے مطالعے پر دو سعودی ماہرین پروفیسر سعد عبدالعزیز الرشید اور پروفیسر سعید فیض السعید نے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔
طب کا انعام خلیاتی پروفیسر مائیکل سادلین کو دیا گیا جو میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر میں سیل انجینئرنگ کے ڈائریکٹر ہیں۔

سائنس کا انعام طبیعیات (فزکس) کے شعبے میں جاپان کے پروفیسر سومیو ایجیما کو دیا گیا۔
کنگ فیصل ایوارڈ 1977 میں قائم ہوا اور پہلی بار 1979 میں تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا۔
طب اور سائنس کے شعبے 1981 میں شامل کیے گئے، طب کا پہلا انعام 1982 میں اور سائنس کا 1984 میں دیا گیا۔
