Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین کیلئے اسمارٹ ترجمہ سروس اور 8 زبانوں میں ”مناسکنا“ ایپ جاری

مکہ مکرمہ .... سعودی حکومت نے عازمین کیلئے اسمارٹ ترجمہ سروس اور 8زبانوں میں حج کے شعائر جاننے سمجھنے کیلئے ”مناسکنا“ ایپ جاری کردی۔ وزارت حج و عمرہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہر سال ہماری کوشش ہوتی ہے کہ دنیا کے گوشے گوشے سے آنے والے ضیوف الرحمن کو کچھ نیا پیش کیا جائے۔ انہیں عمرہ، حج اور زیارت کے سلسلے میں مکمل اور مستند آگہی بہتر سے بہتر اور آسان سے آسان شکل میں مہیا کی جائے۔ اسی جذبے کے تحت مناسکنا کے زیر عنوان 8زبانوں میں نئی ایپلی کیشن جاری کی گئی ہے۔ اس سے حجاج کرام کی بھاری اکثریت فائدہ اٹھاسکے گی۔ ضیوف الرحمن حج سے متعلق تمام تفصیلات اس ایپلی کیشن کی بدولت حاصل کرسکیں گے۔ وہ اس کے ذریعے یہ بھی جان سکیں گے کہ مطلوبہ معلم انہیں کیا کچھ خدمات پیش کریگا اور وہ خدمات پیش کرنے کا پابند ہوگا۔ علاوہ ازیں انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنے نیزجمرات کی رمی کے لئے جانے سے متعلق قافلہ بندی کی تفصیلات بھی مہیا ہونگی۔ انہیں پاسپورٹ کے جملہ کوائف ، بلڈ گروپ ، مکہ مدینہ، عرفات اور منیٰ میں رہائش کے پتے ، رابطہ معلومات وغیرہ سب کچھ میسر ہونگے۔اس ایپلی کیشن کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اسکی بدولت حجاج کرام اپنے سفر کے پروگرام اور اس میں ترمیم سے بھی مطلع ہوسکیں گے۔ اسکی بدولت حاجی حضرات وزارت حج و عمرہ تک اپنی شکایات اور وڈیو کلپ نیز تصاویر وغیرہ کی مدد سے پیش آنے والے مسائل سے بھی آگاہ کرسکیں گے۔ وزارت کی خصوصی ٹیم ضیوف الرحمن کی پیش کردہ شکایتوں اور اعتراض نیز رپورٹوں کا ہر پہلو سے جائزہ لے گی۔

شیئر: