جدہ..... تحریک انصاف مڈل ایسٹ کے چیف آرگنا ئزر اور زولٹیک کے سی ای او ذوالقرنین علی خان نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر مبارکبا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں قائد اعظم کے بعد قائد انصاف عمران خان کا دور شروع ہو نے والا ہے۔ اردونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مڈل ایسٹ میں مقیم ان تمام لوگوں کا عمران خان کی طرف سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو خود ووٹ ڈالنے پاکستان گئے اپنی فیملیز کو ووٹ ڈالنے کے لئے کہا اور الیکشن کے لئے فنڈنگ بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کامیابی کے لئے جس جس نے محنت کی اس کا فائدہ کسی کی ذات کو نہیں بلکہ پورے ملک اور قوم کو ہو گا ۔اب ہمیں یہ بھول جانا چاہئیے کہ ہمارا تعلق کس جماعت سے ہے سب پاکستانی ہیں۔ہمیں ملکر اپنے ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد انصاف نے ابھی اقتدار نہیں سنبھالا تبدیلی ابھی سے آنا شروع ہوگئی۔ معیشت میں بہتری کے آثار ہیں۔ ڈالر جو 130 روپے تک جا پہنچا تھا اب کم ہونا شروع ہوگیا۔ اسٹاک مارکیٹ بھی اوپر جا رہی ہے ۔ اپنا گھر ٹھیک ہو تو سارے کام بھی سیدھے ہوتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہوگی۔ قائد انصاف عمران خان وزارت اوورسیز پر خاص فوکس کئے ہوئے ہیں۔ اس کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیو ںکے مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ اوپی ایف کو ری اسٹر کچر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ نئی پالیسیاں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف میں شکایات سیل بنا رہے ہیںجہاں اوورسیز پاکستانی اپنی شکایات آن لائن درج کراسکیں گے۔ زمینوں پر قبضوں اور اداروں سے متعلق مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانی اپنی شکایات ،مسائل اور تجاویز مجھے بھی براہ راست بھیج سکتے ہیں۔ سعودی عرب اور مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے تحریک انصاف کی حکومت سفارتخانوں کو بھی مکمل سپورٹ کرے گی۔ ذوالقرنین علی خان نے اپیل کی کہ بیرون ملک پاکستانی بینکنگ چینل سے رقم بھیجیں تاکہ اس کا فائدہ ملک کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پروفیشنل کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا حکومت کی تبدیلی پر سعودی بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھا یا جائے گا۔ اس پر ابھی سے کام شر وع کردیا۔ مملکت میں کام کرنے والی کمپنیاں کراچی میں واٹر ڈی سیلینشن پلانٹ لگانے کے لئے تیار ہیں۔ اس سے کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کی پالیسیوں سے اس سال کے اختتام تک ہر شعبے میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ ایک ایماندار شخص کے برسراقتدار آنے سے بیرون ملک بھی ملکی امیج بہتر ہونا شروع ہو ا ہے۔ پاکستان پر اعتماد کیا جا رہا ہے ، اسے ہم اپنے ملک پر خاص عنایت کہہ سکتے ہیں۔