انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ : بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کی شکست
ٹیکساس: دنیائے فٹبال کے 2بڑے اسپینی کلب اور روایتی حریف بارسلونا اور رئیل میڈرڈ کو امریکہ میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ کے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بارسلونا کو اطالوی کلب روما اور رئیل میڈرڈ کو انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے ہرایا۔ بارسلونا کو2-4 سے بڑی شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور رئیل میڈرڈ کا میچ1-2 کے اسکور پر اختتام کو پہنچا۔ روما کے خلاف میچ کے دوران بارسلونا نے چھٹے منٹ میں رافنہاکے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی تھی تاہم روما کے کر یم الشراوی نے میچ برابر کردیا ۔دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں برازیلی کھلاڑی میلکم نے بارسلونا کو ایک مرتبہ پھر برتری دلادی۔ میلکم حال ہی میں ہسپانوی کلب کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے بعد روما کے کھلاڑیوں نے بارسلونا پر دباﺅ بڑھا دیا اور اس کے نتیجے میں انہیں مزید3گول کرنے کا موقع مل گیا تاہم ہسپانوی کلب کے فاورڈز اطالوی کلب کی دفاعی لائن کو نہیں توڑ پائے۔ روما کے لئے ایک گول پنالٹی کک پر پیروٹی نے اسکور کیا جو ان کا چوتھا گول بھی تھا جبکہ ایک ایک گول فلورینزی اور کرسٹانٹے کے حصے میں آیا۔ یوں روما نے یہ میچ4-2کی واضح برتری سے اپنے نام کرلیا ۔ ادھر مانچسٹر یونائیٹڈ نے دورہ امریکہ کے اپنے آخری میچ میں فتح سمیٹ لی جب اس نے رئیل میڈرڈ کو الیکسز سانچیز اور آندرے ہریرا کے گول کی مدد سے ہرایا۔ دونوں نے پہلے ہاف کے ودران ٹیم کو واضح برتری دلا دی تھی۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے چند سیکنڈز پہلے چیمپیئنز لیگ کی چیمپیئن ٹیم رئیل میڈرڈکے کریم بینزیما نے گول کرکے خسارہ کم کر دیا تاہم دوسرے ہاف میں کوشش کے باوجود دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور مانچسٹر یونائیٹڈ کامیابی حاصل کرتے ہوئے میدان سے باہر آئی۔ لیور پول کے خلاف1-4سے ناکامی کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے یہ فتح کافی اطمینان بخش ہوگی کیونکہ اس نے چیمپیئنز لیگ کی رنر اپ سے ہارنے کے بعد لیگ کی چیمپیئن ٹیم کو ہرانے میں کامیابی حاصل کی۔