’’روہنگی ہمارے مہمان ہیں‘‘اٹھاولے
نئی دہلی۔۔۔۔مرکزکی مودی حکومت میں ریاستی وزیر انصاف و سماجی بہبودرام داس اٹھاولے نے روہنگی مسلمانوں کے مسئلے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ روہنگیا کے لوگ ہندوستان کے مہمان ہیں ۔ جیسے مہمان ہمارے پاس آتے ہیں اور ان کی مدد کی جاتی ہے روہنگی بھی ہندوستان آئے اور ان کی ہر طرح سے مدد کی جارہی ہے۔ ہندوستان انسانی حقوق کے فرائض انجام دے رہا ہے لہذا لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔انسانیت کی بنیاد پر روہنگی مسلمانوں کی مدد کی جارہی ہے۔ یہ ملک کے عوام کا مسئلہ نہیں۔ حکومت ان کے اخراجات برداشت کررہی ہے ۔اٹھاولے نے مزید کہا کہ روہنگیا کے لوگ میانمار سے حالات کے ہاتھوں مجبور ہوکر ہند آئے ہوئے ہیں۔انہیں عارضی بنیاد پر سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔اگر وہ پیدائشی طور پر بنگلہ دیشی ہیں توبنگلہ دیش کو انہیں اپنا نا چاہئے۔پارلیمنٹ میں این آر سی تنازع کے دوران روہنگی مہاجرین کامسئلہ بھی موضوع بحث رہا۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ مرکزی حکومت روہنگیا کے لوگوں کے مسئلے پر ایڈوائزری جاری کرچکی ہے ۔ ریاستی حکومتوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا کہ وہ روہنگیوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کریں جس کی بنیاد پرمعلومات وزار ت خارجہ کو فراہم کی جائیگی اورمیانمار کی وزارت خارجہ سے مذاکرات کے بعد انہیں ہند سے میانمار منتقل کرنے کی کارروائی شروع کی جائیگی۔