ڈورسے.... کرائسٹ چرچ کے ڈورسے علاقے کی تفریحی اور ساحلی جگہ مڈ فورڈ اسپیٹ میں ایک بیچ ہٹ 3لاکھ پونڈ میں برائے فروخت ہے۔ حالانکہ اس میں نہ تو بجلی کا انتظام ہے اور نا ہی حمام کا۔ یہ اب تک اس علاقے کا مہنگا ہٹ سمجھا جارہا ہے۔ اس ہٹ کا نمبر 475ہے جبکہ اس سے تھوڑے فاصلے پر موجود 413نمبر والا بیچ ہٹ اسی سال جنوری میں 2لاکھ 95ہزار پونڈ میں فروخت ہوا تھا جو یہاں بنے ہوئے ہٹس کی سب سے زیادہ قیمت بتائی جاتی ہے۔ اس ہٹ کے مالکان کا کہناہے کہ انہوں نے دس سال تک اسے استعمال بھی کیا ہے مگر اب چونکہ انکے بچے بڑے ہوگئے ہیں اور اپنی اپنی مصروفیات میں لگ گئے ہیں اسلئے یہ استعمال میں نہیں اسلئے اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ہٹ میں 6 افراد رہ سکتے ہیں۔ ایک درمیانی فلوربھی ہے جبکہ کمرے میں اتنی ہی جگہ ہے کہ اس میں دو چھوٹے گدے، ایک ڈبل بیڈ میٹریس رکھا جائے۔ جبکہ تھوڑی سی جگہ ڈرائنگ روم کے طور پر بھی چھوڑی گئی ہے۔ جسے بوقت ضرورت چند لمحے میں ڈبل بیڈ کی شکل دی جاسکتی ہے۔ ہٹ نمبر 475اپنی قطار میں واحد ایسا ہٹ ہے جو 18فٹ لمبا اور 15فٹ چوڑا ہے او رتھوڑی سی اضافی جگہ بھی ہے۔ قریب ہی موجود سمندر کا نیلا ساحل۔ اس ہٹ کے علاوہ بھی دوسرے تمام ہٹس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ آس پاس کی فضا بھی بیحد صاف ستھری ہے تاہم یہاں رہنے والوںکو بلدیاتی اداروں کو سالانہ ڈھائی ہزار پونڈ لائسنس کے طور پر بھی دینا پڑتے ہیں۔ کچھ لوگوں نے اپنے ہٹس کرائے پر بھی دے رکھے ہیں تاہم ابھی تک ہٹ نمبر475کا کوئی گاہک سامنے نہیں آیا۔ موسمی حالات ایسے ہیں کہ ابھی ایک دو ماہ تک گرمی کے آثار رہیں گے جس کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد جن میں اکثریت دولت مند لوگوں کی ہوگی ساحلوں کارخ کریں گے اور اس وقت یہ ہٹ یقینی طور پر فروخت ہوجائیگا۔