تلنگانہ این آر آئی فورم کے رضا کار مشاعر مقدسہ میں حجاج کی خدمت کرینگے ، عبدالجبار
خدام الحجاج زیادہ سے زیادہ حاجیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، وسائل محدود البتہ عزائم وسیع اور بلند ہیں،محمود مصری
جدہ ( امین انصاری )تلنگانہ این آر آئی فورم ہر سال کی طرح امسال بھی منی،مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کی خدمت کیلئے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے گی ۔ صدر تلنگانہ این آر آئی فورم محمد عبدالجبار نے بتایا کہ ریاض سے40 نوجوانوں نے خدام الحجاج میں اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے ۔انہیں ضروری ہدایات اور کام کے طریقہ کار کو سمجھانے کیلئے سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔عبدالجبار نے خدام الحجاج کو بتایا کہ جدہ اور دیگر شہروں سے نوجوان تلنگانہ این آر آئی فورم سے جڑ رہے ہیں آئندہ جمعہ تک حتمی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی عید کی چھٹیوں میں ،مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی خدمت کریں گے ۔ یہ خدمت ہندوستانی ایمبیسی اور جدہ میں قائم ہندوستانی قونصلیٹ کے تعاون سے کی جائے گی ۔ ہر خادم الحج کو روڈ اور خیموں کا نقشہ دیا جائے گا ساتھ میں خادم الحجاج کی جیکٹ ہوگی جس سے پولیس اور سیکیورٹی حکام بھی ہمارا تعاون کرینگے ۔ ایک وہیل چیئر پر دو خادم ہونگے جیسے ہی کوئی ضعیف خاتون یا مرد حاجی شدت گرمی اور ہجوم کی دھکم پیل سے نڈھال نظر آئے گا ہمارے کارکن انہیں وہیل چیئر پر بیٹھا کر پہلے انہیں پانی ، جوس پلا کر پھر کیک ،کروسن وغیرہ کھلا پیلا کر تسلی دینگے اور جب ان کے حواس بحال ہوجائیں گے تو ان کے ڈیرے کا نقشہ دیکھ کر انہیں وہاں پہنچا دینگے ۔ بے شمار خواتین اپنے بیٹوں یا شوہر سے بچھڑ کر زارو قطار رونے لگتی ہیں ایسے میں ہم موبائل فون کے ذریعے ان کے عزیزوں سے بات کرائیں اور انکو اپنوں سے ملانے میں مدد کریں گے ۔ نیز میڈیکل اور رقوم و اشیاءکی گمشدگی پر بھی ہمارے کارکن محکموںمیں رپورٹ لکھانے میں مدد کرینگے کیونکہ لاکھوں حاجی عربی یا انگلش زبان سے ناواقف ہوتے ہیں۔نائب صدر محمود مصری نے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ ہمارے وسائل اگرچہ مختصر ہیں لیکن عزائم وسیع اور بلند ہیں ۔ انہوںنے نامزد خدام الحجاج کو دلی مبارکباد دی کہ اللہ نے انہیں اس خدمت کیلئے چن لیا ۔ اس موقع پر ریاض کے خدام الحجاج نے عہد کیا کہ زیادہ سے زیادہ حجاج کو سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سیمینار سے ریاض کی معروف شخصیات سید مسعود احمد ، ڈاکٹر محمد اشرف ، محمد عتیق،سینیئر صحافی محمد عبدالباسط اور دیگر نے خطاب کیا اور حجاج کی خدمت کو سراہتے ہوئے اپنی نیک تمنائیں دیں ۔