قتل عمد کی شرح میں کمی، سیکیورٹی خدمات پر اعتماد میں اضافہ
’سعودی عرب کے رہائشیوں کی سیکیورٹی خدمات پر اعتماد کی شرح 99.77 فیصد ہوگئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وژن 2030 کے مطابق اور معیاری زندگی کی فراہمی اور اضافے کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کے رہائشیوں کی سیکیورٹی خدمات پر اعتماد کی شرح 99.77 فیصد ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’سیکیورٹی خدمات پر اعتماد کی حاصل شدہ شرح وژن 2030 کے ہدف سے 111 فیصد زیادہ ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ملک میں قتلِ عمد کے واقعات میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ہے‘۔
’ہر ایک لاکھ کی آبادی میں جان بوجھ کر قتل کی شرح 0.59 فیصد ہے اور یہ حاصل شدہ ہدف وژن 2030 کے ہدف سے 119 فیصد زیادہ ہے‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ملک کے طول وعرض میں قائم امن وامان اور سیکیورٹی خدمات پر لوگوں کا اعتماد وزارت داخلہ کوحاصل ہونے والی سعودی قیادت کی سرپرستی کا نتیجہ ہے‘۔
واضح رہے کہ معیاری زندگی میں اضافے کے لیے وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو پیش کی جانے والی سہولتوں میں وسیع بنیاد پر اضافہ کیا ہے۔
ملک کے طول و عرض میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔