15 اگست سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس ضروری
اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کی سمری تیار کرکے بھجوا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر علی ظفر نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات منعقد کرانا نگراں حکومت کا اصل کام تھا جو اس نے پوری ذمے داری سے ادا کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہونے کا انتظار تھا، اب آئندہ معمولات آنے والی حکومت ہی سنبھالے گی اور نگراں حکومت اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت 15 اگست سے پہلے اجلاس بلانا لازمی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے سمری ارسال کردی گئی ہے جس میں 12 سے 14 اگست کے درمیان قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا کہا گیا ہے۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے اور حلف برداری کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ اجلاس میں قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔